معاشی اشاریے مثبت سمت، ہر شعبے میں شفافیت یقینی بنا رہے ہیں: محمد اورنگزیب
وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ہر شعبے میں شفافیت یقینی بنا رہی ہے اور تمام معاشی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری ملکیتی اداروں میں بہتری لانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور گزشتہ تین برسوں میں ان اداروں کے خساروں میں کمی آئی ہے، مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ گورننس کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ 25 کروڑ کی آبادی کو حکومت براہِ راست روزگار فراہم نہیں کر سکتی، اس کے لیے نجی شعبے کو فعال بنانا ہوگا، کچھ کمپنیوں کے منافع میں کمی واقع ہوئی تاہم مجموعی طور پر اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں تعینات کیے جانے والے چیئرپرسن یا چیئرمین کا تعلق نجی شعبے سے ہے تاکہ پیشہ ورانہ مہارت سے فائدہ اٹھایا جا سکے، بعض ایسے ادارے جو مسلسل خسارے میں جا رہے تھے انہیں بند کیا جا چکا ہے یا بند کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ متاثرہ ملازمین کو پیکیج دیے گئے ہیں۔
وزیرِ خزانہ نے مزید کہا ہے کہ حکومت نجکاری کی پالیسی پر گامزن ہے اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور فرسٹ ویمن بینک کی شفاف انداز میں نج کاری کی گئی، وزیرِ اعظم کی ہدایت ہے کہ نجکاری کے عمل کو مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔
