کشمیر بنے گا پاکستان، بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حال ہو گا جو انڈین طیاروں کا ہوا: وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارتی کٹھ پتلیوں کا حال انڈین طیاروں کی طرح ہوگا، معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت پراکیسز سے دہشت گردی کرا رہا ہے، عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان عوام اور حکومت کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے حاضر ہوا ہوں، سابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی وفات پر غمزدہ ہیں۔
اس موقع پر مرحوم بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر کے ہر قائد اور شہری کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، کشمیری اپنے بچے تک قربان کر سکتے ہیں مگر حق آزادی سے دستبردار نہیں ہوسکتے، بابائے قوم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، یہ ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیریوں کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد سے ہی ممکن ہے، کشمیریوں کا حقوق خودارادیت کا مطالبہ پورا ہونے تک پاکستان اپنی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ وادی کے کونے کونے سے کشمیر بنے گا پاکستان کی آواز گونج رہی ہے، عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔
عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہوگیا
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا، اللہ کے کرم، قوم کی دعاؤں اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت شاندار فتح نصیب ہوئی، فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو دی گئی شکست ان کی نسلیں بھی نہیں بھولیں گی، معرکہ حق میں شاندار فتح سے کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں اجاگر ہوا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہوگیا، بھارت ذلت آمیز شکست کے بعد اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، خارجہ محاذ پر بھی پاکستان نے زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں، مسئلہ کشمیر کامیابی سے اجاگر کرنے پر نائب وزیراعظم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ، توسیع و تسلط پسندانہ عزائم ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں گے جو معرکہ حق میں بھارتی طیاروں کا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دینا ضروری ہے، پاکستان نے اہم اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ میں قیام امن کیلئے عملی اقدامات کئے، ہم امن چاہتے ہیں لیکن یہ امن برابری کی سطح پر قائم ہو سکتا ہے، آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر علاقے میں انفراسٹرکچر بہتر بنانے کا عمل جاری رکھیں گے۔
مہاجرین کا وظیفہ بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے مہاجرین کا وظیفہ 3500 سے بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق کشمیر کاز اور قومی ترقی کے اہداف حاصل کریں گے، کشمیر نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم کیلئے دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس مظفرآباد میں قائم کیا جائے گا، مظفر آباد میں اسلام آباد کی طرز کا خدمت سیٹر بھی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال 2 ہزار 96 کشمیر طلبہ کو لیپ ٹاپس دیئے گئے، مزید 1700 کشمیری طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کریں گے، ایجوکیشن بینوولنٹ فنڈ کے ذریعے کشمیری نوجوان دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں سکولوں کی چھتوں کی تعمیر ومرمت کیلئے ایک ارب روپے فنڈز دینے کا بھی اعلان کیا۔
