پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بھارتی مظالم کے شکار مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن منایا جا رہا ہےدنیا بھر میں 5 فروری کا دن یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا

ہے، یہ دن مظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے عزم کی تجدید کا دن ہے، کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک پورا پاکستان یک زبان ہو کر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرے گا۔
کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی، جبکہ ملک بھر میں ریلیاں، سیمینارز اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جن میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ بھی مبذول کروائی جائے گی۔
اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی آج ہوگا جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف خصوصی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ کشمیری عوام کی لازوال جدوجہد آزادی کے دوران جہاں ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے، وہیں ایک ہزار سے زائد کشمیری شہری بھارت کی مختلف جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں بھی جھیل رہے ہیں۔
بھارت کشمیری عوام کی کھربوں روپے کی جائیدادیں ضبط کرنے کے علاوہ ان کے کاروباری مراکز اور گھر بھی جلا کر دیکھ چکا مگر غیور کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے آج بھی سینہ سپر ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ اس جدوجہد کی راہ میں وہ اکیلے نہیں، پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت ہو یا پوری پاکستانی قوم، ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
دہائیوں سے کشمیر پر بھارتی قبضہ اور ریاستی جبر عالمی برادری سے تقاضا کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو، یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
