Tuesday, February 3, 2026
عالمی خبریں

خامنہ ای کی دھمکی کے بعد ٹرمپ نے ایران سے ممکنہ معاہدے کیلئے امید ظاہر کردی

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کسی معاہدے تک پہنچ جائیں

 ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی جانب سے علاقائی جنگ کے خدشے کے اظہار کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے حوالے سے اب بھی پُرامید ہیں۔

خامنہ ای نے اپنے بیان میں خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے اثرات پورے خطے میں پھیل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی دھمکیاں ایرانی قوم کو خوفزدہ نہیں کر سکتیں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران کسی ملک پر حملے کا آغاز نہیں کرتا، لیکن اگر ایرانی قوم کو نشانہ بنایا گیا یا ہراساں کیا گیا تو سخت جواب دیا جائے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاہدہ طے پانے کی امید رکھتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ خامنہ ای کی جانب سے علاقائی جنگ کی بات کرنا غیر متوقع نہیں، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو یہ دیکھا جائے گا کہ ان کے خدشات درست ثابت ہوتے ہیں یا نہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کسی معاہدے تک پہنچ جائیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کر دیا ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق اس وقت خطے میں چھ ڈسٹرائر جنگی جہاز، ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور تین لیٹورل کامبیٹ شپ تعینات ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *