پاکستان

کشمیریوں کی حمایت جاری، افغانستان کے حالیہ بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں: دفتر خارجہ

وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، افغانستان کے حالیہ بیانات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ طاہرحسین اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ رواں ہفتے جموں وکشمیر کے حوالے سے یوم حق خود ارادیت منایا گیا، یوم حق خودارادیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر قراردادوں کی یاددہانی ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ جموں وکشمیرمیں ہزاروں انسانی حقوق اورسیاسی رہنما جیلوں میں قید ہیں، بھارت5اگست2019کے بعد کشمیر کی آبادی کاتناسب بدلنے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالیہ بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں، افغان قیادت بیانات کے ساتھ قابل تصدیق،ٹھوس اورعملی ضمانتوں کے منتظر ہیں، افغان سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے پر زور دیتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان چین کی قومی وحدت کے حصول کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے، سٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاکستان نے چین کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کیا، چین نے مسئلہ کشمیر کوایک حل طلب تاریخی مسئلہ قراردیا۔

انہوں نے بتایا کہ سٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاکستان اورچین میں سی پیک 2.0کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں ہم آہنگی بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے بے بنیاد بیان کو مسترد کرتا ہے، بھارتی وزیر خارجہ کے الزامات گمراہ کن ہیں، بھارت ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کا ریکارڈ خطے اورعالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا عکاس ہے، پاکستان پر بھارتی الزامات اس کے امن دشمن اقدامات کو نہیں چھپاسکتے، بھارت کو دوسروں کو وعظ دینے کے بجائے خود کو بدلنے کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *