نئے سال کے پہلے ہی دن دبئی میں 58 ارب روپے سے زائد کی پراپرٹیز فروخت
سال 2026کے پہلے ہی دن دبئی میں 58 ارب روپے سے زائد کی پراپرٹیز فروخت ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق نئے سال کے پہلے دن دبئی میں 771.12 ملین درہم تقریباً 58 ارب 80 کروڑ 65 لاکھ پاکستانی روپےکی پراپرٹیز فروخت ہوئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر دبئی میں ایک دن میں 204 سودے مکمل ہوئے۔جن میں 140 رہائشی یونٹس، 40 عمارتیں اور 24 پلاٹس فروخت ہوئے۔
سب سے بڑی مالیت کا سودا پام جمیرا میں ہوا جہاں ایک لگژری اپارٹمنٹ 3 کروڑ 35 لاکھ درہم میں فروخت ہوا۔
اس کے بعد برج خلیفہ کے قریب ایڈریس فاؤنٹین ویوز، ٹاور 2 میں واقع ایک ہوٹل اپارٹمنٹ 1 کروڑ 44 لاکھ درہم میں فروخت ہوا۔
علاوہ ازیں برج خلیفہ میں ایک اور اپارٹمنٹ 1 کروڑ 3 لاکھ درہم میں فروخت ہوا جو کہ تیسرا بڑا سودا رہا۔
دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ کے مطابق 2025 میں مجموعی رئیل اسٹیٹ فروخت 682 ارب درہم تک پہنچی۔ یہ 2024 کے مقابلے میں 30.6 فیصد اضافہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری سے دسمبر 2025 تک 185.5 ارب ڈالرز کے سودے ہوئے، دبئی کی پراپرٹی خریدنے میں 31 سے 45 سال کی عمر کے افراد سب سے آگے رہے۔
