پی ایس ایل کا 11 واں ایڈیشن اگلے سال 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا، تاریخوں کا اعلان ہوگیا
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے نیویارک میں پاکستان سپر لیگ کے روڈ شو میں پی ایس ایل 11 کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔

نیویارک میں پاکستان سپر لیگ کے روڈ شو میں پی سی بی عہدیداروں اور قومی کرکٹرز نے شرکت کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن اگلے سال 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا بھر میں کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن کوششیں کررہے ہیں، پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کررہی ہیں، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خوا فائدہ ملتا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کے شائقین کرکٹ کیلئے تفریح کے اچھے مواقع فراہم کررہی ہے۔
