انسداد پولیو مہم کا آغاز، 22 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر
قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت لاہور میں پانچ سال سے کم عمر 22 لاکھ 30 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے ’’پولیو فری پنجاب‘‘ کے ویژن کے تحت اس مہم کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال میں ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ بھی موجود تھے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے لاہور بھر میں 5825 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں 371 فکسڈ ٹیمیں ویکسی نیشن کے فرائض انجام دیں گی۔ اس کے علاوہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر 214 ٹرانزٹ پوائنٹس کو فعال کر دیا گیا ہے، جہاں آنے جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کی ویکسی نیشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے, انہوں نے فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز کو ڈیجیٹل ڈیش بورڈ میں درست اور بروقت اندراج کی بھی ہدایت کی۔
