شہبازشریف سے کرغز صدر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور کرغزستان نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کی وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، جس میں تجارت، توانائی، مواصلات اور دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت کی نظر سے دیکھتا ہے، انہوں نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے فروغ کیلئے پاکستان کی “ویژن سینٹرل ایشیا” پالیسی کے تحت اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
