وفاق سیلاب متاثرین کی مدد سے متعلق پالیسیوں پر نظر ثانی کرے ، بلاول
کراچی:چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کی جائے، پچھلے سیلاب میں بھی وفاقی حکومت نے یہی کام کیا اور کووڈ کی وبا کے دوران بھی ہم نے یہی کیا تھا اس حوالے سے حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے ۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے سیلاب متاثرین کو بی آئی ایس پی کے ذریعے امداد دینے کی درخواست کی تھی، ہم نے بل معاف کرنے کی بات کی تھی جس پر وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بل معاف کیے۔ حکومت سندھ نے بےنظیر ہاری کارڈ کے ذریعے چھوٹے کاشت کاروں کی مدد کا فیصلہ کیا ۔ گندم درآمد کرنے پر پاکستان کا پیسہ باہر جاتا ہے، اس سے بہتر ہے کہ وہ پیسہ اپنے کسانوں پر خرچ کریں۔ وفاقی حکومت اگر ہمیں سپورٹ کرے تو مدد میں اضافہ کر سکتے ہیں۔