ملک کے فضائی دفاعی نظام نے بوشہر میں دشمن کا طیارہ گرا کر تباہ کر دیا، ایرانی میڈیا کا دعویٰ
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے فضائی دفاعی نظام نے ساحلی صوبے بوشہر میں ایک دشمن طیارے کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔

نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جام کاؤنٹی کے گورنر مسعود تنگستانی نے کہا کہ یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا اور اس میں ایک دشمن طیارے کی تباہی شامل تھی، شہر میں اب صورتحال معمول پر ہے۔
ریاستی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے بھی تصدیق کی ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران پیش آیا، تاہم مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ تباہ ہونے والا طیارہ کس ملک یا فریق سے تعلق رکھتا تھا، اور نہ ہی کسی ممکنہ نقصان یا جانی نقصان کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث ایران کے مختلف علاقوں میں فضائی نگرانی اور دفاعی نظام کو ہائی الرٹ پر رکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایران کی مسلح افواج نے ملک کے جنوبی علاقوں سے مخصوص اہداف کی جانب میزائل داغے ہیں، یہ میزائل کچھ دیر قبل فائر کیے گئے، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان کا ہدف کہاں تھا۔
فارس نیوز ایجنسی نے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
تازہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور خلیجی خطے میں عسکری سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں۔
