معاہدے کے قریب آ چکے، لیکن صدر ٹرمپ ابھی دستخط کیلئے تیار نہیں: جے ڈی وینس
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور تہران معاہدے کے بہت قریب آ چکے ہیں، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ ابھی کسی معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کے حوالے سے کافی پیشرفت ہوئی ہے، فریقین کے درمیان چند الفاظ اور شرائط کے حوالے سے تبادلہ خیال جاری ہے۔
انہوں نے کہا ہم چند نکات پر ایک دوسرے سے بات چیت کر رہے ہیں، امید ہے کہ بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا اور ایسا وقت آئے گا جب صدر ٹرمپ معاہدے کی توثیق کر سکیں گے، تاہم یہ معاملہ ابھی حتمی مرحلے تک نہیں پہنچا اور اس کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔
جے ڈی وینس کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ اس پوزیشن میں ہے کہ تہران کے جوہری پروگرام کو پیچھے دھکیل سکتا ہے۔
خیال رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے ساتھ ساتھ سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں اور خطے میں صورتحال بدستور غیر یقینی ہے۔
