وزیراعلیٰ مریم نوازکا سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں مہیا کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں مزید 7 الیکٹروبسیں مہیا کرنے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سرگودھا کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان، سردار عاصم شیر میکن شامل تھے۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے سرگودھا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور ریکارڈ مدت میں تکمیل پر خراج تحسین پیش کیا اور سرگودھا میں الیکٹروبس کے آغاز پر وزیراعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں مہیا کرنے کا اعلان کیا اور ارکان اسمبلی کو مثالی گاؤں ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی پراجیکٹ کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔
ملاقات میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے تجاویز اور سفارشات پر غور کیا، ارکان صوبائی اسمبلی نے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر عوام کے خوشگوار فیڈ بیک سے آگاہ کیا۔
صوبائی ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ بھلوال، بھیرہ، سلانوالی، یونیورسٹی، ڈی ایچ کیو، شاہین آباد، کوٹ مومن، تحصیل ساہی وال الیکٹروبس سے روزانہ ہزاروں لوگ مستفید ہو رہے ہیں، سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام ناقابل فراموش اقدام ہے۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلاحی پراجیکٹس کو پاکستان ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی سراہا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ الیکٹرو بسوں پر عوام بالخصوص بچوں اور خواتین کو آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر دلی اطمینان ہوتا ہے، سرگودھا سمیت ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، عوام کی سہولت کیلئے تمام وسائل حاضر ہیں، پنجاب کے ہر ہر حصے میں بلاتمیز و امتیاز ترقی نواز شریف کا ویژن ہے۔
