محمود اچکزئی دہشت گردوں کا نام نہ لے کرغلط بیانی کر رہے ہیں: وزیرداخلہ بلوچستان
وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی دہشت گردوں کا نام نہ لے کر غلط بیانی کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے محمود خان اچکزئی کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا نام نہ لینا خوف کے مترادف ہے، سرانان حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم قبول کر چکی ہے۔
ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ محمود خان اچکزئی اپنی جان کے خوف کی وجہ سے دہشت گردوں کا نام نہ لے کر غلط بیانی کر رہے ہیں، یہ وہ خوف اور ڈر ہے جو ہمارے لیڈروں کے دلوں سے نہیں نکل سکتا، ایسا رویہ دوغلے پن کے مترادف ہے۔
وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ کچھ لیڈرز شارٹ کٹ اپناتے ہوئےساری ذمہ داری حکومت کے کھاتے میں ڈال دیتے ہیں، لیڈران کو اپنی جانوں کا خوف لگا ہوا ہے، جس کی وجہ سے وہ دہشت گرد تنظیموں کا نام لینے سے گریزاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کےعوام سےاصل حقائق چھپاکرسارا ملبہ حکومت پر ڈالا جارہا ہے، ایک حقیقی لیڈر کو میدان میں عوام کی قیادت کرنی چاہئے اور سچائی لوگوں تک پہنچانی چاہئے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ پشتونوں کو اصل حقائق اورسچائی بتانے کے بجائے غلط راستہ دکھانا پشتون دوستی نہیں بلکہ پشتونوں سے کھلی دشمنی ہے۔
