آس پاسعالمی خبریں

ایرانی ہیکرز کے برطانیہ پر پہلے سائبر حملے کا انکشاف، پاور پلانٹ 4 روز تک بند رہا

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی ہیکرز نے گزشتہ ماہ اپنی نوعیت کے پہلے سائبر حملے کے ذریعے ایک برطانوی پاور پلانٹ کو 4 دن کے لیے بند کر دیا تھا۔

برطانوی اخبار کے مطابق خیال کیا جاتا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب ایرانی حکومت سے وابستہ ہیکرز برطانیہ میں کسی ایسی تنصیب کو بند کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ٹیلی گراف کے مطابق یہ واقعہ عین اسی وقت پیش آیا جب گزشتہ ماہ امریکا میں پانی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا تھا جس نے 12 امریکی ریاستوں کو متاثر کیا اور وائٹ ہاؤس میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

برطانوی حکام نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کرنے سے گریز کیا ہے کہ اس حملے میں کون سا پاور پلانٹ متاثر ہوا ہے، تاہم متاثرہ پاور پلانٹ 4 دن تک مکمل طور پر غیر فعال رہا اور اس دوران عملہ اسے دوبارہ فعال کرنے کے لیے مسلسل تگ و دو کرتا رہا۔

اخبار کے مطابق امکان ہے کہ متاثرہ پلانٹ نسبتاً چھوٹا تھا اور اس کی بندش سے برطانیہ کے بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے وسیع تر نظام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ اگرچہ بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے عام ہونے کے حوالے سے انتباہات جاری کیے جاتے رہے ہیں لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ اس سے قبل کوئی بھی ہیکر کسی برطانوی پاور پلانٹ کو مکمل طور پر بند کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ اس واقعے کا مقصد غالباً یہ ثابت کرنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب سے منسلک ہیکرز برطانیہ کے حساس سسٹمز تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں اور اہم تنصیبات کو بند کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *