ٹرمپ کے دستخط بے معنی، امریکہ کو ناقابلِ فراموش سبق سکھایا جائے گا: خامنہ ای
ایرانی سرکاری ٹی وی پر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب ایک نیا تحریری پیغام پڑھ کر سنایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شیطان بزرگ امریکا کو ناقابلِ فراموش سبق دیا جائے گا۔

ایران کے رہبراعلیٰ سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کی بار بار خلاف ورزی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ امریکی صدر کے دستخط کی کوئی حیثیت یا اعتبار نہیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بڑے شیطان نے ایک بار پھر اپنا حقیقی اور بے نقاب چہرہ دنیا کے سامنے ظاہر کر دیا ہے، تاکہ جرم اور غداری کا یہ تلخ تجربہ امریکہ کی جھوٹی، غیر منطقی، ناقابلِ اعتماد اور مذموم فطرت کا ایک اور مضبوط ثبوت بن جائے۔
ان کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ اب امریکی دشمن جنگ بھڑکانے اور خود کو مزید بھاری اخراجات اور بڑی رسوائی سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اسے جان لینا چاہئے کہ ایران کی عزیز قوم اور محاذِ مزاحمت اس کے لیے ناقابلِ فراموش اسباق رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ اپنے شہید علی خامنہ ای کے جانشین بننے کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای عوامی سطح پر سامنے نہیں آئے ہیں، اور نہ ہی ان کی کوئی آواز یا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے، اب تک ان سے منسوب تمام پیغامات صرف تحریری شکل میں ہی منظرِ عام پر آئے ہیں۔
