ایران کے کویت، بحرین اوراردن میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملے، کئی اہلکارزخمی
ایران نے امریکا کے مسلسل ساتویں رات حملوں کے جواب میں کویت، بحرین اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی فوج نے شمالی بحرِ ہند میں امریکی بحری جہاز پر کروز میزائل سے حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملے جاری رہے تو بھرپور جوابی کارروائی کریں گے۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے بھی بحرین میں امریکی ڈرونز کے ڈپو کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، بحرین میں امریکی ڈرونز کے ڈپو کو نشانہ بنانے کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے مرکز کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون سے تباہ کر دیا گیا ہے۔
ادھر کویت کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ آج صبح سے ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو سراغ لگانے کے بعد فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔
ایرانی حملوں کے دوران کویتی فوج کے کئی مراکز اور فوجی کیمپ ڈرون حملوں کا نشانہ بھی بنے، جس کے نتیجے میں زمینی افواج کے متعدد اہلکار زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
کویتی فوج نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’ایک بجلی گھر اور سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کے پلانٹ یعنی ڈی سیلینیشن پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے اس کے ایک اہم حصے میں آگ بھڑک اٹھی اور بعض حصوں اور بجلی پیدا کرنے والے یونٹس کو بھی نقصان پہنچا۔‘
اردن کی فوج نے کہا ہے کہ آج صبح سویرے ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایران کے 10 میزائلوں کو اس کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا۔
فوج کے مطابق یہ کارروائی معمول کے دفاعی اقدامات کے تحت کی گئی تاکہ مملکت کی خودمختاری کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کی جا سکے۔
فوج نے مزید بتایا کہ ان میزائلوں کو تباہ کرنے کے نتیجے میں نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کسی قسم کا مالی یا مادی نقصان ہوا، اس کے علاوہ، رائل انجینیئرز کی ٹیموں نے متاثرہ مقامات سے میزائلوں کا ملبہ ہٹانے اور علاقے کو محفوظ بنانے کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔
دوسری طرف چند ہی گھنٹوں کے دوران تیسری مرتبہ بحرین بھر میں ہنگامی فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے ہیں، جبکہ حکام نے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں جانے اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
