خاص خبریںعالمی خبریں

ایران کے جنگ بندی قبول کرنے سےامریکہ کو بحری ناکہ بندی مضبوط بنانے کا موقع ملا، محسن رضائی

 ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور کے کمانڈر محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے دو ہفتوں کی جنگ بندی قبول کیے جانے سے امریکا کو یہ موقع ملا کہ وہ مذاکرات کے دوران اپنی بحری ناکہ بندی کو مزید مضبوط بنا سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا کی متعدد خلاف ورزیوں کے باعث ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت اب عملی طور پر ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کے انخلا میں ناکامی، آبنائے ہرمز میں ایران کے قانونی بحری راستے کے باوجود متبادل راستہ قائم کرنا، ایرانی سرزمین پر حملوں کے ذریعے ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی، اور ایران کے منجمد اثاثے بحال نہ کرنا، امریکا کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی صریح خلاف ورزیاں ہیں۔

محسن رضائی نے مزید کہا کہ امریکا نے اس معاہدے پر دستخط زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے اور ایران کو اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے کیلئے کیے تھے، اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد امریکا نے بیک وقت جنگ اور مذاکرات کی پالیسی اختیار کی۔

قبل ازیں ایک بیان میں محسن رضائی نے کہا تھا کہ امریکی حملے جاری رہے تو بھرپور جوابی کارروائی کریں گے، جنگ میں دفاعی نہیں جارحانہ حکمت عملی اختیار کر سکتے ہیں، اگر امریکا نے ایران میں مزید حملے کیے تو جنگ کا رخ بدل سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *