امید ہے اس بار ہماری کوئی سیٹ چوری نہیں ہوگی: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پچھلی بار میری 9 سیٹوں کو چوری کیا گیا، اُمید ہے ہماری کوئی سیٹ اس بار چوری نہیں ہو گی۔

شگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آج بھی ہمار امطالبہ ہے کہ گلگت بلتستان میں صاف و شفاف الیکشن ہوں، آپ کو فارم 45 ہاتھ میں لے کر واپس جانا ہے، آپ نے میرا ساتھ دینا ہے، فارم 47 کا بندوبست میں خود کروں گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا منشور ہے کہ گلت بلتستان کے عوام کو ان کا حق دلوانا ہے، ہمیں گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت دلانا ہے، جب گلگت بلتستان اور پاکستان کا الیکشن ساتھ ہوگا تو پھر صحیح معنوں میں حقِ حاکمیت یقینی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے الیکشن اسی وقت ہوں جب پاکستان میں جنرل الیکشن ہوں، آج شگر کے عوام کے پاس واپس آیا ہوں، 3 نسلوں سے گلگت بلتستان کے عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیتے آ رہے ہیں۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا ہے کہ جو ہمیں مٹانا چاہتے تھے یہاں کے عوام کی وجہ سے ان کی تمام سازشیں ناکام ہوئیں، شہید ذوالفقار بھٹو نے سب سے پہلے عوام کے لیے جدوجہد کی اور حقوق دلائے تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پہلا متفقہ آئین دلوایا تھا، آپ نے قائدِ عوام کا ساتھ دیا، قائدِ عوام نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دیا اور گلگت بلتستان کے کمزور عوام کا ساتھ دیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پسماندہ طبقوں کی نمائندگی کی، پاکستان ایٹمی قوت بن کر آج دنیا کے سامنے مضبوط ہو کر کھڑا ہے، قائدِ عوام نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے پر عمل بھی کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر یہاں آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں، آپ نے پیپلز پارٹی کو کبھی مایوس نہیں کیا، پچھلی بار ہمارا پُرجوش استقبال کیا گیا، میں تو پوری پی ڈی ایم کو ناراض کر کے آپ کے پاس آیا تھا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ اگر شگر کے عوام کو اختیار دیا جائے گا تو یہاں کے عوام معاشی طور پر ترقی کریں گے، اسلام آباد والے سمجھتے ہیں کہ ہر چیز ان کی ہے، جو کام 90ء کی دہائی میں کرنا تھا وہ کام 2015ء میں شروع کیا، تھرکول واحد ہے جہاں اختیار صوبے کے وزیرِ اعلیٰ کے پاس ہے، جس سے پہلے تھر پارکر کے عوام، پھر سندھ اور پورے پاکستان کا فائدہ ہوا۔
