پاکستانتازہ ترینخاص خبریں

آپریشن غضب للحق جاری، 133 افغان طالبان ہلاک، پاک فضائیہ نے اہم عسکری تنصیبات ملیا میٹ کردی

80ٹینکس، توپ خانے، 27 چوکیاں،3 بریگیڈ ہیڈکوارٹرز، 2 ایمونیش ڈپو، 2 کور ہیڈکوارٹرز متعدد دیگر عسکری اشیاء تباہ

پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق جاری ہے، پاک افواج کے حملوں میں افغان طالبان کے 133 کارندے ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔ 27 افغان چوکیاں مکمل تباہ کرلی گئیں۔

سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی میں 3 افغانی بٹالین اور سیکٹر ہیڈ کوارٹر مکمل تباہ اور اسلحہ ڈپو کو راکھ کا ڈھیر بنادیا۔ موثر جوابی کارروائی میں 80 سے زائد ٹینک، توپ خانے اور بکتربند گاڑیاں تباہ ہوگئیں، وطن کے دفاع میں پاک فوج کے 2جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا، چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو  تباہ کردیاگیا۔

پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹیں تباہ کردیں، 3 طالبان ہلاک کردیے۔ پاک افغان سرحد پرولی خان سیکٹر میں پاک فوج نے  افغان پوسٹ کو مسمار کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کیں۔ افغان صوبے پکتیکا کی پوسٹ پرقبضہ کرلیا۔ پاک فوج کی کارروائی پر افغان طالبان پوسٹ چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ پاک فوج نے پکتیکا میں افغان طالبان کی اہم فوجی تنصیبات اور کور ہیڈ کوارٹرز کو بھی تباہ کردیا۔

سکیورٹی فورسز نےکرم سیکٹر کے قریب بھی افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے جہاں  8 طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے۔ انگوراڈہ میں بھی ایک افغان پوسٹ کو تباہ کردیا گیا۔ اب تک  133 افغان طالبان ہلاک جبکہ200 سے زائد زخمی ہوچکےہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نےکواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے،  ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر  طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کےخلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں۔

افغان طالبان کے سول آبادی پر حملے، خواتین سمیت 5 افراد زخمی

پاک فوج کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی پر حملے شروع کر دیے جس میں خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے فائر کئے گئے گولے باجوڑ کے علاقے لغڑئی اور گرد و نواح میں گرے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں مارٹر گولے گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے جس میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمی افراد کو خار اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت، باجوڑ میں مسجدکو بھی نشانہ بنا ڈالا

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ  افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت میں مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا، افغان طالبان نے باجوڑ میں مسجد کو نشانہ بنایا ،افغان طالبان کی شیلنگ سے مسجد کی چھت اور دیگر حصے متاثرہوئے۔

پاک فوج نے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو فتح کرکے قومی پرچم لہرادیا

پاک افغان سرحد پر پاک فوج نے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو فتح کر لیا اور افغان پوسٹوں پر قومی پرچم لہرا دیا ۔

پاک فوج کے جوانوں نے افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے کہا کہ افغان طالبان سن لو ہم تمہیں بھرپور جواب دے کر دکھائیں گے کہ تم کس سے ٹکرائے ہو، افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے پاکستان کا پرچم لہرا دیا ہے، اسی طرح ہم آئیں گے اور کابل کو بھی فتح کر لیں گے پھر تمہیں پتہ چلے گا کہ تم نے ہم سے کیسے پنگا لیا۔

پاک افواج کے حملے، ننگر ہار اور قندھار میں ایمونیشن ڈیپو تباہ

پاک فضائیہ نے ننگرہار کے اندر بڑا ایمونیشن ڈیپو تباہ کر دیا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قندھار میں بھی افغان طالبان رجیم کا ایمونیشن ڈپو اور لاجسٹکس بیس تباہ کردیا۔

دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے افغان طالبان کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا افواج جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے، افواج کاعزم ہے ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا فیلڈمارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج جذبے کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزاعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا، ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔

افغان طالبان رجیم کے 133 کارندے ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے: وزیراطلاعات

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائیوں میں افغان طالبان رجیم کے 133 کارندے ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کابل ، پکتیا اور قندھار میں فوجی اہداف پر حملوں میں مزید اموات ہوسکتی ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا کہ  پاک فوج نے افغان طالبان کی 27 چوکیاں تباہ اور 9 چوکیاں قبضے میں لے لیں ، جوابی کارروائی کے دوران دو کور ہیڈکوارٹرز ، 3 بریگیڈ ہیڈکوارٹرز ، 2 اسلحہ ڈپو تباہ کردیے گئے ، ایک لاجسٹکس بیس ، 3 بٹالین ہیڈکوارٹرز ، 2 سیکٹر ہیڈکوارٹرز ، 80 سے زائد ٹینک ، توپ خانہ اور بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کردی گئی۔

عطاتارڑ نے کہا کہ افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور اور مضبوط جواب دیا، مسلح افواج نے پیشہ وارانہ مہارت سے وطن کا دفاع یقینی بنایا، پاکستانی ردعمل سے افغان طالبان بے یقینی کا شکار ہوگئی، مربوط اور مؤثر کارروائی کے بعد سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا سہارا لیا گیا، بین الاقوامی چینل کو بھی فیک خبرحذف کرناپڑی۔

وزیرِ اطلاعات عطاتارڑ نے واضح کردیا کہ کسی بھی جارحیت سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

افغانستان کو ہر صورت ایک پرامن ہمسایہ بننا ہوگا: طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاک افغان سرحد پر کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کسی کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، ہماری کوشش رہی ہے کہ معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیےجائیں۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب زادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بھارت جس کے پاس فوج ، طیارے اور ہتھیار بھی تھے اس کی کیا حالت ہوئی ، پاکستان کے بازار اور مساجد میں بم دھماکے بالکل بھی برداشت نہیں ہوسکتے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کے امن کے لیے کسی بھی حد تک جائےگا، افغانستان کو ہر صورت ایک پرامن ہمسایہ بننا ہوگا، چین سے لےکر امریکا تک پوری دنیا کو افغانستان  سے یہ شکایت ہے۔

جنگ افغانستان نے شروع کی، ختم پاکستان کرےگا: فیصل کریم کنڈی

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کردیا کہ جنگ افغانستان نے شروع کی ہے لیکن اس کا اختتام پاکستان کرے گا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ افغانستان نے آج دوبارہ پاکستان پرحملے کیے۔ امریکاکو سوچنا ہوگا، ان کا چھوڑا گیا اسلحہ پاکستان کےخلاف استعمال ہو رہاہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ افغان طالبان ایکشن نہیں لیں گے تو پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے گا، پہلے بھی جارحیت کرنے پرافغاسنتان کو منہ کی کھانی پڑی تھی۔

 پاکستان کی مٹی کاایک ایک ذرہ بنیان مرصوص بن کر لڑےگا،  مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے پاک افغان سرحد  پر خوارج کے بزدلانہ حملےکی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ خوارج، ان کےہینڈلرز اور سپورٹرز پہلےبھی ذلیل ہوئے اب بھی ذلیل ہوں گے، سلام ہے پاک فوج کو جنہوں نےپلک جھپکتےہی دشمن کو منہ توڑجواب دیا، سلام ہے پاک فوج کو جنہوں نےدشمن کا غرور خاک میں ملادیا، پاکستان کی مٹی کاایک ایک ذرہ بنیان مرصوص بن کر لڑےگا، پاکستان کی جغرافیائی حدود ہماری ریڈلائنز ہیں جوکراس کرےگا ذلیل ورسوا ہوگا۔

 دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے قوم متحد ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے قوم متحد ہے، پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں،  وطنِ عزیز کی ایک ایک انچ زمین کا دفاع ہمارا قومی فریضہ ہے، سکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *