بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز پی ٹی آئی کے سب سے بڑے دشمن ہیں: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بیرون ملک بیٹھے مفت خور یوٹیوبرز درحقیقت پاکستان تحریک انصاف کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام یوٹیوبرز باہر محفوظ بیٹھ کر نوٹ چھاپ رہے ہیں، جبکہ ان کی منفی اور اشتعال انگیز پوسٹس کا خمیازہ اور قیمت پاکستان کے اندر پی ٹی آئی کو چکانی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی کہ جس شخص کی حمایت کے دعوے کئے جا رہے ہوں، اُسی کی آزمائشوں اور مشکلات کو بیچ کر ڈالرز کمائے جا رہے ہوں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی تب تو ان یوٹیوبرز کی عید تھی ہی، لیکن آج پی ٹی آئی اقتدار میں نہیں ہے تب بھی حسبِ معمول ان کی جیبیں بھر رہی ہیں، اس پوری جماعت کو انہی یوٹیوبرز نے برباد کر کے رکھ دیا ہے۔
