خطے میں کسی بھی محاذ پر لڑائی کا مطلب جنگ جاری رہنا ہے: ایران
ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لیے تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ ضروری ہے اور کسی بھی محاذ پر لڑائی جاری رہنے کا مطلب ہے کہ جنگ پورے خطے میں جاری ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق لبنان کے ٹی وی نیٹ ورک المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران لبنان پر اسرائیلی حملے ختم کرانے کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کو ایران اور امریکا کے درمیان جون میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں شامل کیا گیا تھا۔
سعید خطیب زادہ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل نے ایران اور لبنان پر حملوں کے ذریعے اسلام آباد مفاہمت کی خلاف ورزی کی، جبکہ اسرائیل پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کرے گا۔
سعید خطیب زادہ نے امریکا کی ایران کے خلاف جنگ کو بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے، ایران نے آبنائے ہرمز کو سات روز کے اندر دوبارہ کھولنے کی تجویز بھی دی تھی۔
