مقبوضہ جموں وکشمیرسمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پرمذاکرات ہونے چاہئیں: طاہراندرابی
پاکستان نے اقوام متحدہ سے خطے میں اسلحے کی دوڑ روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر مذاکرات ہونے چاہئیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے مستقل مندوب طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ دنیا میں جنگوں کا دائرہ پھیل رہا ہے، بین الاقوامی قانون کی عمل داری کمزور ہو رہی ہے،تحمل کا راستہ ترک کیا جا رہا ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونی چاہئے، ایران،امریکا کے درمیان ثالثی کا نتیجہ جنگ بندی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی صورت میں نکلا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے، مکہ دفاعی معاہدہ اقوام متحدہ کے منشور سے مطابقت رکھتا ہے۔
پاکستانی مستقل مندوب نے کہا کہ جنوبی ایشیا کا خطہ بھارت کے جارحانہ عسکری نظریات کی وجہ سے عدم استحکام کا شکار ہے، جنوبی ایشیا بھارت کی بڑے پیمانے پر فوجی توسیع کے باعث دباؤ کا شکار ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان اسلحے کی دوڑ نہیں چاہتا لیکن ضرورت کے مطابق دفاعی صلاحیتیں برقرار رکھے گا، جوہری صلاحیتوں کی موجودگی میں جنگ کو کنٹرول میں سمجھنا غلط ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر مذاکرات ہونے چاہئیں۔
