پاکستانتازہ ترین

پاکستان میں نئے صوبے یا انتظامی یونٹس قائم ہو نے چاہئیں ،فیصل کریم کنڈی

سینئر صحافی اور اینکرپرسن رُحماء عرفان ملک کا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے خصوصی انٹرویو

سینئر صحافی اور اینکرپرسن رُحماء عرفان ملک کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اگر عوام کی منشا ہو تو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جماعتی پالیسی کے مطابق پاکستان میں نئے صوبے یا انتظامی یونٹس قائم کیے جانے چاہئیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام عوامی خواہشات اور پارلیمان کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے، اس معاملے پر عوامی رائے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف گزشتہ تیرہ برس سے صوبے میں اقتدار میں ہے، اس لیے موجودہ صورتحال میں اس کے کردار کو بھی دیکھنا ہوگا۔ صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی بات حرفِ آخر نہیں ہوتی۔ اگر پاکستان تحریک انصاف جمہوری اور سیاسی رویہ اختیار کرے تو مستقبل میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان سیاسی اتحاد یا تعاون کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہیں، تاہم ملکی مفاد اور جمہوریت کے استحکام کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات، رابطے اور مفاہمت کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *