ملک بھرمیں آج یومِ دفاعِ وشہدا جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے
ملک بھر میں آج یومِ دفاعِ وشہدا بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

آج سے 61 سال قبل پاک فوج اور پاکستانی قوم نے رات کی تاریکی میں حملہ آور ہونے والے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے۔
اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی یہ روایت پچھلے سال مئی میں بھی دُہرائی گئی۔
جنگ ستمبر 1965 کی یاد میں یومِ دفاعِ وشہدا آج منایا جا رہا ہے، جس کیلئے کراچی میں مزارِ قائد پر خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔
پاکستان ائیر فورس کے کیڈٹس نے مزارقائد پرگارڈز کے فرائض سنبھال لیے جبکہ ائیرکمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان ائیر وائس مارشل حسن فیصل تقریب کے مہمان خصوصی رہے۔
پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا: ائیروائس مارشل حسن فیصل
اس موقع پر ائیروائس مارشل حسن فیصل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری، ہر مشکل میں پاک فضائیہ نے اپنی خدمات کو پیش کیا، فضائی حدود کادفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، اور پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ کی قیادت میں جدید ترین نظام سے دفاع مضبوط ہوا، تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
