آزاد کشمیر کی ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے تحت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق امور، بالخصوص جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابات کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے انعقاد اور انتخابی عمل کے حوالے سے انجینئر امیر مقام کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے تحت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
وزیراعظم سے رانا مشہود احمد خان کی ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری اقدامات، منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے نوجوانوں کو جدید تعلیم و تربیت اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنے، ڈیجیٹل معیشت میں ان کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے، روزگار اور کاروبار کے مواقع بڑھانے سمیت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری تعلیمی، ہنرمندی، ڈیجیٹل اور فلاحی پروگراموں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے اور ان کے مؤثر و شفاف نفاذ پر بھی گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کو مزید مؤثر، نتیجہ خیز اور نوجوانوں کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے، جبکہ ترجیحی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے۔
