پنجاب اورشن جیانگ میں زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق
پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان اقتصادی، زرعی، صنعتی اور تکنیکی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شین جیانگ وایغور خودمختار علاقائی کمیٹی اور پارٹی سیکریٹری و پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کورپس کے پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو سے ملاقات کی،
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پرتپاک خیرمقدم پر پارٹی سیکریٹری ہی ژونگ یو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی دوراندیش قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 150ویں سالگرہ اور پاکستان و چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی۔
ملاقات کے دوران میڈیکل، زراعت، معیشت اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے لیے پیپل ٹو پیپل ایکسچینج پروگرام پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں جانب سے پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ پاکستانی طلبہ کے لیے آن لائن ٹیکنیکل معاونت فراہم کرنے کی تجویز بھی زیرغور آئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پانی کی کمی کا شکار علاقوں میں زرعی پیداوار بہتر بنانے کے لیے چین کے تجربات سے استفادہ کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ایفیشنٹ ٹیکنالوجی، ڈرپ اریگیشن اور معیاری بیج کے استعمال سے کم پانی والے علاقوں میں بہتر فصلیں حاصل کی جا سکتی ہیں، اس لیے پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان اس شعبے میں باہمی اشتراک کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
مریم نواز شریف نے قحط زدہ اور خشک علاقوں میں پانی کی کمی پر قابو پانے کے لیے جدید سائنسی طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کے وسیع تجربات سے فائدہ اٹھا کر پنجاب میں بھی مؤثر منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے پنجاب کے مختلف علاقوں میں چین کے اشتراک سے پائلٹ پراجیکٹس شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہونے کا قابلِ قدر اعزاز رکھتا ہے، جبکہ مؤثر اقدامات اور بہتر گورننس کے ذریعے صوبے میں غربت اور محرومی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی کے شعبے پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا پنجاب حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز شریف نے شین جیانگ حکومت کی جانب سے ارمچی میں چھٹے بین الاقوامی میڈیا ٹور کے اقدام کو بھی سراہا اور اسے عوامی و ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ دونوں خطوں کے عوام کو باہمی شراکت داری کے ثمرات پہنچ سکیں۔
