تازہ ترینخاص خبریں

اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق

اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آگ لگنے سے 14 نومولود جاں بحق ہوگئے

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ گائنی وارڈ کی ایم سی ایچ وارڈ کے تیسرے فلور پر لگی، آگ لگنے کے وقت نرسری میں 15 بچے تھے، لیڈی ڈاکٹر صرف ایک بچے کو بچا سکی۔

ہسپتال دستاویز کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت سامنے آ گئی،  آگ کی زد میں آ کر بہادر نامی شہری کے جڑواں بچے بھی دم توڑ گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا جس ک بعد کولنگ کا عمل جاری ہے، آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہو سکا، خواتین سمیت 19 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

پمز ہسپتال میں بچوں کے وارڈ کیلئے تعینات پورا ٹیکنیکل سٹاک کو معطل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب واقعہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، ضلعی انتظامیہ نے انکوائری کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، کمیٹی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے ڈی جی اور ایس پی سٹی کو شامل کیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن اور ڈی جی سی ڈی اے بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ آئیسکو اور پمز ہسپتال کے افسران کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا، انکوائری کمیٹی تحقیقات کے بعد 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔

قبل ازیں چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی علی ناصر رضوی پمز ہسپتال پہنچ گئے، دونوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی اور کہا کہ بچوں کے ساتھ اس نوعیت کا واقعہ ناقابلِ تلافی ہے، واقعے کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعظم نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک سانحے پر دل رنجیدہ ہے اور وہ غمزدہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *