بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال منتقل نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر
بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا عدالت ذمہ داروں کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے قانون کے مطابق سزا دے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہ کرنے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
توہین عدالت کی درخواست بانی پی ٹی آئی کے وکلا عذیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، جس پر ذمہ داران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ توہین عدالت کے مرتکبین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں اور ذمہ دار افراد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور وہاں ان کا طبی معائنہ کرانے کی بھی استدعا کی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر یا لوکل کمیشن مقرر کیا جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔
