امریکہ نے ایران پرمسلسل 13 ویں رات بھی فضائی حملے شروع کر دیے، سینٹکام
امریکا نے ایران کے خلاف مسلسل 13 ویں رات بھی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں جبکہ ایرانی شہر اہواز میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ امریکی افواج نے جمعرات کی شب ایران کے فوجی اہداف پر ایک اور حملہ کیا۔ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں مسلسل 13 ویں رات جاری رہیں۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران کو اس کے اقدامات پر جوابدہ بنانا اور پاسداران انقلاب کی جانب سے تجارتی بحری جہازوں کو لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔
دوسری جانب ایران کے صوبہ خوزستان کے دارالحکومت اہواز کے رہائشیوں نے جمعہ کی علی الصبح متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکوں کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ مرکزی کے علاقے خنداب کے باہر واقع ایک مقام کو امریکی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ صوبے کے نائب گورنر نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ مقام کو نشانہ بنایا گیا تاہم فوری طور پر جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ لورستان کے دارالحکومت خرم آباد کے جنوبی علاقے میں بھی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ دھماکوں کی نوعیت کے بارے میں حکام کی جانب سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
اسی دوران صوبہ ہرمزگان کے ساحلی شہر جاسک میں بھی جمعہ کی علی الصبح کئی دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
