امریکہ کے سرک، بندرعباس اورجاسک پرحملے،پہلی بارسمندری ڈرون استعمال
ایران میں فوجی قیادت کے قریب سمجھی جانے والی خبر رساں ایجنسیوں نے سرک، بندر عباس اور جاسک کے قریب واقع دیہات کے اطراف میں دھماکوں کی آوازوں کی اطلاعات دی ہیں۔

خوزستان میں مقامی حکام نے آج صبح جنوبی ایران کے اس صوبے کے کئی شہروں پر امریکی فضائی حملوں کی اطلاع دی۔
سرکاری ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق خوزستان گورنریٹ کے حکام نے ان حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج رات 1:35 بجے اہواز کے اطراف میں دو مقامات کو امریکی دشمن کے میزائلوں نے نشانہ بنایا۔
اسی طرح 1:40 بجے بہبہان اور دزفول شہروں میں مقامات پر حملے کیے گئے، اور 1:45 بجے امیدیہ اور ماہشہر میں چار مقامات دشمن کے حملوں کا نشانہ بنے۔‘
فارس نیوز ایجنسی نے خوزستان گورنریٹ کے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ آج رات 2 بجے آبادان اور شادگان شہروں کے بعض حصے بھی فضائی حملوں کا نشانہ بنے۔
خوزستان کے نائب گورنر نے بندر خمیر پر حملے اور دھماکے کی آواز سنے جانے کی تردید کی ہے۔
ایران کے صوبہ خوزستان کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ماہ شہر میں واقع زرعی واٹر پمپنگ اسٹیشن پر امریکی حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں، حملہ آج علی الصبح ایک میزائل کے ذریعے کیا گیا۔
سینٹکام نے بتایا ہے کہ 12 اور 13 جولائی کی درمیانی شب ایران کے خلاف نئی کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں جن میں اس کے بقول آبنائے ہرمز پر بین الاقوامی جہاز رانی پر ایرانی حملوں کی صلاحیت کمزور کرنے کے لیے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
سینٹکام کے مطابق امریکی افواج نے لڑاکا طیاروں، بحری جہازوں، فضائی ڈرونز اور پہلی مرتبہ بار سمندری ڈرونز کا استعمال کیا، فضائی اور سمندری ڈرونز یکطرفہ حملوں کے لیے استعمال کیے گئے، اس کے مطابق ان حملوں میں ایران کے فضائی دفاعی نظام، ساحلی ریڈار تنصیبات، میزائل اور ڈرون صلاحیتوں اور چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے ایک اہم بحری گزرگاہ ہے۔ ایران اس پر کنٹرول نہیں رکھتا، امریکی افواج اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تعینات اور تیار ہیں تاکہ تجارتی جہاز آزادانہ طور پر آمد و رفت کر سکیں۔
