سوئٹزرلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست، ارجنٹینا سیمی فائنل میں پہنچ گیا
ارجنٹینا اب بدھ کو اٹلانٹا میں ہونے والے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا

دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے اضافی وقت میں 10 کھلاڑیوں تک محدود رہ جانے والے سوئٹزرلینڈ کو 1-3 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
امریکا کی ریاست مسوری کے شہر کنساس سٹی کے کنساس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا نے دسویں منٹ میں برتری حاصل کی، جب لیونل میسی کے شاندار کراس پر الیکسس میک ایلسٹر نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔
ابتدائی برتری کے باوجود ارجنٹینا کھیل پر مکمل گرفت برقرار نہ رکھ سکا، جبکہ سوئٹزرلینڈ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 67ویں منٹ میں ڈین اینڈوئے کے قریبی فاصلے سے کیے گئے گول کی بدولت مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔
میچ کا اہم موڑ 72ویں منٹ میں آیا جب سوئٹزرلینڈ کے اسٹرائیکر بریل ایمبولو کو مبینہ ڈائیو لگانے پر دوسرا پیلا کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
وی اے آر نے اس موقع پر ریفری کو ممکنہ غلط شناخت کے باعث لیاندرو پاریڈیس کو دیے گئے کارڈ کا دوبارہ جائزہ لینے کا مشورہ دیا، جس کے بعد پرتگالی ریفری جواؤ پنہیرو نے فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے ایمبولو کو ریڈ کارڈ دکھا دیا۔
مقررہ وقت کے اختتامی لمحات میں ارجنٹینا فتح کے بہت قریب پہنچا، تاہم لیساندرو مارٹینیز کی شاندار سیزر کک گول کیپر کو شکست نہ دے سکی۔
دوسری جانب لیونل میسی کو بھی ایک سنہری موقع ملا، لیکن ان کا چِپ شاٹ گول کیپر نے روک لیا۔
فیصلہ کن لمحہ اضافی وقت کے 112ویں منٹ میں آیا، جب جولین الواریز نے تقریباً 25 گز دور سے زوردار شاٹ کھیلتے ہوئے گیند گول کے اوپری کونے میں پہنچا کر ارجنٹینا کو دوبارہ برتری دلائی۔
اضافی وقت کے اختتامی لمحات میں سوئٹزرلینڈ نے برابری کی کوشش میں زیادہ کھلاڑی آگے بھیج دیے، جس کا فائدہ ارجنٹینا نے اٹھایا۔ تھیاغو المادا کی قیادت میں ہونے والے جوابی حملے پر لاؤتارو مارٹینیز نے اسٹاپیج ٹائم میں تیسرا گول کرکے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔
ارجنٹینا اب بدھ کو اٹلانٹا میں ہونے والے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں اسپین اور فرانس آمنے سامنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں صرف اٹلی اور برازیل ہی اپنے عالمی ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے والی ٹیمیں رہی ہیں، اور ارجنٹینا اب یہ اعزاز حاصل کرنے سے صرف دو فتوحات کی دوری پر ہے۔
