خطے میں امریکی فوجی اڈوں کونشانہ بنایا، جارحیت برقرار رہی تو جواب مزید سخت ہوگا: ایران
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ جنوبی ایران میں حملوں کے جواب میں خطے میں ایرانی فورسز نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، امریکی جارحیت برقرار رہی تو جواب مزید سخت ہوگا۔

جاری بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ خطے میں بعض امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جنوبی ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں تعینات امریکی پانچویں بحری بیڑے کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے،
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آئی آر جی سی نے بیان میں کہا دونوں فریقوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اگر امریکی جارحیت برقرار رہی تو جواب میں مزید سخت اور وسیع پیمانے پر جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔
پاسداران انقلاب نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ امریکہ نے جنوبی ایران کے متعدد مقامات پر حملے کیے، جن میں جاسک، سیریک اور قشم جزیرہ شامل ہیں، ان حملوں کے نتیجے میں سیرک کے علاقے بمانی میں ٹیلی کمیونی کیشن ٹاور کو نقصان پہنچا، جبکہ پانی ذخیرہ کرنے والے دو ٹینک بھی تباہ ہو گئے۔
ایرانی حکام نے حملوں کو ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کسی بھی فوجی کارروائی کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے ابھی تک بحرین میں امریکی پانچویں بحری بیڑے پر مبینہ ڈرون حملے کے دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
