امریکا اسرائیل کی پشت پناہی بند کرے،جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پرخاموش نہیں رہ سکتے:ایران
ایران نے جنگ بندی کی حالیہ خلاف روزیوں کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرا دیا، ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کی پشت پناہی بند کرے، سب کچھ امریکی منصوبہ بندی سے ہو رہا ہے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل سے متعلق ہمیں پہلے ہی خدشات تھے، ان دونوں کی نیت پر ہمیں پہلے ہی شک تھا، حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر امریکا براہ راست ذمہ دارہے، اسرائیلی اقدامات کو امریکی پالیسیوں سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پڑوسی ممالک سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، افسوس ان ممالک پر جنہوں نے ہمارے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے دی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل 3 سال سے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے، افسوس ہے نسل کشی کے خلاف پڑوسی ملک مصر نے کوئی آواز نہیں اٹھائی، ہم جنگ بندی کے پابند تھے، امریکا اسرائیل مسلسل خلاف ورزی کر رہے تھے، جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ سب امریکا کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ اسرائیل کے جنگ بندی کے باوجود لبنان پر حملے جاری ہیں، لبنان جنگ بندی معاہدے کا لازمی حصہ ہے، تہران لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی پر عملدرآمد چاہتا ہے، لبنان سے متعلق معاہدے کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، اسرائیل اور امریکا معاہدے کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یو این جوہری نگراں ادارے کے سربراہ رافیل گروسی حقائق کو نظر انداز کر رہے ہیں، آئی اے ای اے سربراہ جان بوجھ کر ایران مخالف رویہ اپنائے ہوئے ہیں، جوہری ادارے کے سربراہ کے متعصبانہ خیالات سے عالمی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل متعدد فالز فلیگ آپریشن میں ملوث ہے، گزشتہ روز کے واقعات نے شکوک و شبہات میں اضافہ کر دیا، امریکا سے مذاکرات شدید بداعتمادی کے ماحول میں جاری تھے، امریکی کے رویے میں تضادات نے سفارتی عمل میں افراتفری پیدا کی، حالیہ پیش رفت سفارتی عمل کو مزید پیچیدہ بنائے گی۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ہم انتہائی بے اعتمادی کے ماحول میں امریکا کیساتھ پیغامات کا تبادلہ کر رہے تھے، امریکا کی متضاد پالیسیوں اور مؤقف نے اب تک سفارتی راستے کو متاثر کیا ہے، ایران اس جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، سفارتی کوششوں اور فوجی مشقوں کا مقصد ہمارے قومی مفادات کو محفوظ بنانا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے، تہران لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی پر عملدرآمد چاہتا ہے، ایران دشمن کو دندان شکن جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
