آس پاسخاص خبریںعالمی خبریں

اسرائیل کے جنگ بندی کے باوجود حملے، لبنانی بریگیڈیئر جنرل سمیت 12 افراد شہید

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنانی فوج کے ایک اعلیٰ افسر بریگیڈیئر جنرل وسام صبرا سمیت کم از کم 12 افراد شہید ہو گئے۔

لبنان اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے باوجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، لبنانی فوج کے مطابق حملے میں ایک فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بریگیڈیئر جنرل، ایک کیپٹن اور ایک سپاہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ مختلف علاقوں میں ہونے والے دیگر حملوں میں مزید 9 افراد ہلاک ہوئے۔

لبنانی فوج نے بتایا کہ خاردلی اور نباتیہ کو ملانے والی سڑک پر فوجی گاڑی پر اسرائیلی حملے میں بریگیڈیئر جنرل وسام صبرا، کیپٹن ایلی خوری اور سپاہی حسین غزال جاں بحق ہوئے، اسرائیل کی جانب سے مسلسل اور دانستہ حملوں کا مقصد خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔

اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مقام ایک فعال جنگی زون تھا اور اس علاقے میں نقل و حرکت کے لیے اسرائیلی فوج سے پیشگی رابطہ ضروری تھا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے حملے کو ملکی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جبکہ وزیراعظم نواف سلام نے اسے لبنان اور لبنانی عوام کے خلاف گھناؤنا جرم قرار دیتے ہوئے ہلاک ہونے والے فوجی افسران اور اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

دوسری جانب حزب اللہ نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے لبنان کے خلاف سنگین جرم قرار دیا اور حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے امریکی دباؤ کے سامنے مکمل جھکاؤ اختیار کرکے ملک کو مزید خونریزی کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

ایران، سعودی عرب، اردن، قطر اور دیگر علاقائی ممالک نے بھی اسرائیلی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے لبنان کی خودمختاری کے احترام اور فوری جنگ بندی پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی امن فوج یونیفل نے کہا ہے کہ اس نوعیت کے حملے لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی سنگین خلاف ورزی ہیں، مارچ میں شروع ہونے والے حالیہ تنازع کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ لبنانی فوج کا ایک بڑا عہدے دار اسرائیلی حملے میں شہید ہوا ہے۔

جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی اور ڈرون حملے جاری ہیں، صیدا ضلع کے گاؤں سکسکیہ میں ایک حملے میں 6 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے، جبکہ دیر الزہرانی، زفتا اور حبوش کے علاقوں میں بھی متعدد افراد جان سے گئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ 2 روز کے دوران حزب اللہ کے تقریباً 150 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ حزب اللہ نے بھی جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *