تازہ ترینخاص خبریں

گلگت بلتستان الیکشن کی تیاریاں مکمل، ضلع دیامرمیں دفعہ 144 کا نفاذ

الیکشن ڈیوٹی پر مامور ساڑھے 7 ہزار افسران و ملازمین کیلیے 27 کروڑ 60 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر

گلگت بلتستان میں الیکشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ ضلع دیامر میں دفعہ 144 کا نفاذ بھی کردیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان انتخابات 2026ء کے سلسلے میں 24حلقوں کے لیے ہزاروں کی تعداد میں انتخابی عملے کو ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور انتخابی عملے کی بڑی عید ہو گئی ہے۔

الیکشن ڈیوٹی پر مامور ساڑھے 7ہزار افسران اور ملازمین کے لیے 27کروڑ60لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔ تفصیلات میں بتایا گیاہے کہ 24 حلقوں کے 24ریٹرننگ افسران کے لیے18لاکھ اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے جب کہ اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے لیے 12لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

اسی طرح 24حلقوں میں تعینات 1368پریزائڈنگ افسران کے لیے ایک کروڑ64لاکھ16ہزار اعزازیہ  اور 2450اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران کے لیے  2کروڑ45لاکھ اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔ا سی طرح 2450پولنگ افسران کے کے 2کروڑ 40لاکھ اعزازیہ مقرر ہوا ہے۔

الیکشن ڈیوٹی پر مامور ایل ڈی سی ،یو ڈی سی نائب قاصد سمیت 1360سرکاری ملازمین کے لیے 20کروڑ 80لاکھ روپے اعزازیہ مقرر ہوا ہے۔

دوسری جانب ضلع دیامر میں امن و امان کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور ڈپٹی کمشنر دیامر نے 60 روزہ پابندیوں کا حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت دیامر میں اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔

حکم نامے کے مطابق پٹاخوں کے استعمال پر بھی 60 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔ تمام اقسام کے ڈرونز اور یو اے ویز کی غیر مجاز پرواز بھی ممنوع قرار دی گئی ہے جب کہ ڈرون اڑانے کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا این او سی  لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اسی طرح حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے سخت انتظامی اقدامات کیے گئے ہیں۔

5 جون 2026 سے دفعہ 144 کے احکامات نافذ العمل ہو چکے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔ انتظامیہ نے اس سلسلے میں شہریوں سے احکامات پر عملدرآمد کی اپیل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

ضلع میں عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *