خاص خبریںعالمی خبریں

امریکہ اورایران کے صبح سویرے پھرحملے، دونوں ممالک کا فوجی اہداف کو نشانہ بنانےکا دعویٰ

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی، آج صبح سویرے دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کئے، دونوں جانب سے ان تازہ فوجی کارروائیوں کے بعد ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی گئی ہے۔

امریکی فوج کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم پر کارروائی کے دعوے کے بعد ایران نے خطے میں موجود امریکی مفادات اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے جوابی حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ جزیرہ قشم میں کمیونیکیشن ٹاور پر امریکا نے حملہ کیا جس کے جواب میں خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران نے امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر، ایئربیس اور ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنایا، کارروائی امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی، پاسداران نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی آئل ٹینکر پر حملے کے بعد ایک جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی سکیورٹی متاثر کرنے کی قیمت امریکا کو چکانا ہوگی۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کہتے ہیں ایرانی فوج کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پہلے سے زیادہ تیار ہے، دشمن کو جارحیت پر مختلف نوعیت کی فوجی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ میدان جنگ اور ہتھیاروں کی اقسام بھی مختلف ہوں گی، جنگ بندی کے دوران ہماری عسکری صلاحیتوں میں اضافہ ہوا۔

خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹرز کے ڈپٹی انسپکٹر بریگیڈیئر جنرل جعفر اسدی کا کہنا ہے کہ امریکا مکمل سرینڈر کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن ایرانی قوم کبھی نہیں جھکے گی، امریکا کے ساتھ دوبارہ جنگ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی مکمل صلاحیتیں ظاہر نہیں کیں، جنگ میں نیٹو بھی شامل ہوتی ہے تو بھی ہمیں پریشانی نہیں۔

امریکی سینٹ کام کا ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

دوسری جانب امریکی سینٹ کام نے ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے کہا گیا کہ ایران نے بیلسٹک میزائل ہمسایہ ممالک کی طرف داغے جو اہداف پر نہیں لگ سکے، کویت پر داغے گئے دو میزائل راستے میں گر گئے، بحرین پر داغے گئے تین میزائل امریکی اور بحرین فورسز نے مار گرائے۔

سینٹ کام کے مطابق ایران نے 3 ڈرون حملے بحری جہازوں پر کئے جنہیں ناکام بنا دیا گیا، بحرین میں ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹرز اور ایئر بیس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ غلط ہے، امریکا نے قشم پر حملہ کر کے ایرانی فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا، حملے ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں کئے گئے۔

ادھر امریکی افواج نے بوٹسوانا کے پرچم بردار آئل ٹینکر کو ناکارہ بنا دیا، آئل ٹینکر ایرانی جزیرے خارگ کی جانب جا رہا تھا۔

واضح رہے کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور خطے میں امن و امان کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *