ٹرمپ نے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر پاپائے روم کو جرائم پسند قرار دیدیا
امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نےجنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر مسیحیوں کے پیشوا پوپ لیو کو جرائم پسند قرار دے دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں ایسا پوپ پسند نہیں، انہوں نے ہمیں نشانہ بنایا ہے، ہمیں ایسا پوپ پسند نہیں جو یہ کہے کہ جوہری ہتھیار رکھنا ٹھیک ہے، ہم ایسا پوپ نہیں چاہتے جو یہ کہے کہ ہمارے شہروں میں جرائم قابلِ قبول ہیں۔
امریکی صدر نےکہا کہ پوپ لیو ایک نہایت لبرل سوچ رکھنے والے شخص ہیں، وہ ایسے شخص ہیں جو یہ نہیں سمجھتےکہ ہمیں کسی ایسے ملک کے ساتھ تعلق نہیں رکھنا چاہئے، جو جوہری ہتھیارحاصل کرنا چاہتا ہو تاکہ دنیا کو تباہ کرسکے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں پوپ لیو کا مداح نہیں ہوں، میرے خیال میں پوپ لیو اچھا کام نہیں کر رہے، پوپ خارجہ پالیسی کے لیے انتہائی خراب ہیں۔
یاد رہے کہ پاپائے روم لیو چہار دہم نے امریکا سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا اور ٹرمپ کی دھمکیوں پر تنقید کی تھی، پاپائے روم نے اب لبنان پر بھی حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
