انسانی خلائی پرواز کا عالمی دن

انسانی تاریخ میں کچھ لمحات ایسے ہوتے ہیں جو نہ صرف اپنے عہد کو بدل دیتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے نئی راہیں بھی متعین کرتے ہیں، 12 اپریل 1961ء کا دن بھی ایسا ہی ایک تاریخی سنگِ میل ہے جب انسان نے پہلی بار زمین کی حدود سے نکل کر خلا کی وسعتوں میں قدم رکھا۔
اس عظیم کارنامے کی یاد میں ہر سال 12 اپریل کو دنیا بھر میں ’’انسانی خلائی پرواز کا بین الاقوامی دن‘‘ منایا جاتا ہے، جو انسانی تاریخ کے اس یادگار لمحے کی یاد تازہ کرتا ہے جب انسان نے پہلی بار زمین کی سرحدوں کو عبور کر کے خلا کی وسعتوں میں قدم رکھا، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ انسان نے اپنی محدود زمینی زندگی سے آگے بڑھ کر لامحدود کائنات کو سمجھنے کی کوشش کی اور ناممکن کو ممکن بنا دیا، خلائی تحقیق نہ صرف سائنسی میدان میں انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوئی بلکہ اس نے دنیا بھر کے انسانوں کو ایک مشترکہ خواب،کائنات کی تسخیرمیں یکجا بھی کیا۔
