پاکستانتازہ ترین

دُکھ کی گھڑی میں ہم سب ایک،امن وامان قائم رکھنا بھی اولین فرض:مریم نواز

ہر مسلمان اشکبار، مظاہرین کیلئے افطار کا انتظام ، ان کیساتھ عزت واحترام سے پیش آیا جائے :وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ پنجاب  مریم نواز شریف نے اپنے ایکس پر میسج میں پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مظاہرین کے احساسات کو سمجھا جائے ،ان کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے ، مظاہرین کیلئے افطار کا بندوبست کیا جا رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ ہر مسلمان اس وقت دکھی اور اشکبار ہے مگر اپنے ملک، اپنے شہروں میں امن و امان قائم رکھنا بھی ہم سب کا اولین فرض ہے ۔ وزیراعلی ٰ نے اپیل کی کہ امن و امان قائم رکھنے کے فرض کی پاسداری کیجئے ، دکھ کی گھڑی میں ہم سب ایک ہیں۔ انہوں نے شہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ سول ڈیفنس ٹریننگ شہریوں کو رضاکارانہ طور پر قدرتی آفات کی صورت میں اپنی مدد آپ کے قابل بنانا ہے ۔شہری دفاع کا مقصد ناگہانی آفات کی صورت میں پیشگی اقدامات بھی ہے ۔سول ڈیفنس تنظیم عوام کی معاونت کیلئے ہر وقت کوشاں رہتی ہے ۔شہریوں کو زلزلے ، سیلاب اور دیگر آفات سے بچانا اور محفوظ معاشرہ سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد ہے ۔ شہری دفاع کے عالمی دن پر حادثات وآفات کے دوران خدمات سرانجام دینے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سول ڈیفنس ڈے کا مقصد عوام میں شہری دفاع کی تنظیم کی اہمیت اجاگر کرنا ہے ۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سول ڈیفنس کا معاون کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ زمانہ امن یا جنگ میں شہری دفاع کی اہمیت مسلمہ ہے ۔ مضبوط شہری دفاع سے قدرتی آفات اورناگہانی حادثات کی شدت کوکم کیا جاسکتا ہے ،عوام میں شہری دفاع کی اہمیت کا شعور اجاگرکرنے کی اشد ضرورت ہے ۔شہری دفاع کے ادارے کا احیائوقت کا ناگزیر تقاضا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *